بنگلورو3فروری (ایس او نیوز) سابق نائب وزیر اعلیٰ و رکن اسمبلی آر ۔ اشوک نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے پیش کردہ عوام پرور بجٹ کانگریس قائدین کو برداشت نہیں ہوپارہا ہے ۔
انہو ں نے بتایاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے کسانوں کے حق میں اور عوامی مفادات پر مبنی بجٹ پیش کیا ہے ۔ اس کیلئے وہ وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بجٹ کا خیر مقدم کریں گے۔ بجٹ کاخیر مقدم کرنے کیلئے آج ٹاؤن ہال کے سامنے بی جے پی کی جانب سے کئے گئے مظاہرے کے دوران آر ۔ اشوک نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ مرکز کے بجٹ کے تعلق سے نہ صرف ہندوستان میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پسندکا اظہار کیا گیا ہے اور بجٹ کے حوالے سے ہر حلقہ میں بحث ہونے لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کا قرضہ معاف کرتے ہوئے اس سے بڑے پیمانے پر تشہیر حاصل کرنے والے کانگریس لیڈروں کو مرکز کے کسان پرور بجٹ نے مایوس کردیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کسانوں کو ہرسال 6ہزار روپئے کا معاوضہ فراہم کرنے کااعلان کیا گیا ہے۔بجٹ کے ذریعہ وزیر اعظم نے یہ ثابت کردیا کہ ان کی حکومت کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والی ہے ۔ اشوک نے کہا کہ قرضہ کی معافی صرف ایک مرتبہ ہوا کرتی ہے ۔ لیکن ہر سال کسانو ں کیلئے 6ہزار روپیوں کاجو معاوضہ جاری کرنے کااعلان کیا گیا ہے۔ وہ کسان کیلئے تا حیات جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی معنی میں نریندر مودی کی حکومت کسانوں کی ہمدرد حکومت ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ مرکز کے بجٹ کے خلاف اپوزیشن پارٹیاں طرح طرح کے بیانات دینے لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ60برسوں کے دوراں کانگریس کی جانب سے کبھی کسان پرور بجٹ پیش نہیں کیا گیا تھا ۔ اس کو نریندر مودی کی حکومت نے پیش کردکھایا ہے ۔ یہ بات کانگریس لیڈران کے برداشت سے باہر ہوچکی ہے ۔ اشوک نے کہا کہ مرکز کا بجٹ سوپر کینڈی کے مانند ہے ۔ رکن کونسل و بی جے پی کے جنرل سکریٹری این روی کمار نے کہا کہ مرکز کابجٹ نے کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کسانوں ، مزدور طبقات ،درمیانی طبقات کی فلاح وبہبودی کے لئے کئی پروگرامس مرتب کئے گئے ہیں ۔ مرکز کا یہ بجٹ سوپر بجٹ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت پر کسان مخالف حکومت ہونے کا الزام لگایا جارہا تھا ۔ بجٹ کے ذریعہ نریندر مودی نے اس کا صحیح جواب دیا ہے۔ اس سے قبل بی جے پی لیڈروں اورکارکن نے مرکز کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کی اور مٹھائی تقسیم کرکے خوشی منائی اور’’مودی پھر ایک بار‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔